ملک میں خصوصی عدالتوں اور ٹربیونلز کی تعداد 185 تک پہنچ گئی

 کیسز کا بوجھ غیر متوازن ، احتساب عدالتوں بارے اجلاس دو ہفتے بعد دوبارہ بلایا جائے گا 
اسلام آباد(آن لائن)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں بتایاگیاہے کہ ملک میں خصوصی عدالتوں اور ٹربیونلز کی تعداد 185 تک پہنچ گئی ہے لیکن کئی جگہوں پر عدالتیں خالی پڑی ہیں اور کیسز کا بوجھ بھی غیر متوازن ہے جبکہ کمیٹی نے فیصلہ کیاہے  کہ احتساب عدالتوں سے متعلق تفصیلی اجلاس دو ہفتے بعد دوبارہ بلایا جائے گا تاکہ عدالتوں کی استعداد اور کیسز کے بوجھ کو متوازن کرنے کے لیے مزید اقدامات پر غور کیا جا سکے۔۔کمیٹی کی  صدارت چیئرمین کمیٹی سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کی۔اجلاس میں سیکرٹری قانون و انصاف نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت قانون و انصاف کے تحت ملک بھر میں 47 بینکنگ کورٹس، 7 بینکنگ سے متعلق خصوصی عدالتیں، 18 احتساب عدالتیں، 19 اسپیشل کورٹس اور 14 انسدادِ منشیات کی خصوصی عدالتیں قائم ہیں۔ اس کے علاوہ کسٹم، ٹیکسیشن اور اینٹی اسمگلنگ کی 8 خصوصی عدالتیں بھی کام کر رہی ہیں