الیکشن ٹربیونلز نے 51 انتخابی عذرداریوں پر فیصلے کئے:فافن کی رپورٹ

اسلام آباد(آئی این پی )فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک ( فافن)کی عام انتخابات 2024 سے متعلق دائرعذرداریوں پر جاری ایک اور رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دائر ہونے والی انتخابی عذر داریوں میں سے الیکشن ٹربیونلز کی جانب سے 100 سے زائد مقدمات کو نمٹایا جا چکا ہے، جن میں سے 97 کو مسترد جبکہ 3 کو منظور کیا گیا۔فافن نے رپورٹ میں کہا کہ ٹریکنگ میں معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ سال 2024 میں 16 نومبر سے 31 دسمبر کے دوران الیکشن ٹربیونلز نے 51 انتخابی عذرداریوں پر فیصلے کیے، اس کے نتیجے میں مجموعی طور پر نمٹائی جانے والی الیکشن پٹیشنز کی تعداد 101 ہوگئی جوکہ تمام دائر شدہ پٹیشنز کا 27 فیصد ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ فافن 23 ٹربیونلز میں مجموعی طور پر دائر 377 پٹیشنز میں سے 370 کی ٹریکنگ کرسکا ہے، اگرچہ ایسی پٹیشنز کو 180 دن میں نمٹائے جانے کا قانونی تقاضا پورا نہیں کیا جاسکا تاہم ٹربیونلز نے انہیں نمٹانے کا عمل تیز کردیا ہے۔