یہ مہم 23 فروری سے 23 اپریل 2026 تک جاری رہے گی:اعلامیہ
لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی بلاسود بائیک سکیم کے تحت بینک آف پنجاب نے طلبہ کے لیے خصوصی لاٹری پرائز کیمپین کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ مہم 23 فروری سے 23 اپریل 2026 تک جاری رہے گی اور اس کا مقصد ان طلبہ کو سہولت فراہم کرنا ہے جن کی درخواستیں منظور ہو چکی ہیں مگر ڈیجیٹل ایکسیپٹنس یا ایکویٹی ڈپازٹ کا مرحلہ ابھی مکمل نہیں ہوا۔بینک آف پنجاب کے حکام نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی ڈیجیٹل قبولیت مکمل کریں اور مقررہ ایکویٹی ڈپازٹ جمع کر کے سکیم کا حصہ بنیں، تاکہ وہ بلاسود موٹر سائیکل حاصل کرنے کے اہل ہو سکیں۔ مقررہ مدت کے اندر کارروائی مکمل نہ کرنے والے طلبہ کی درخواستیں زیر التوا رہ سکتی ہیں۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے متعارف کرائی گئی بلاسود بائیک سکیم طلبہ کو تعلیمی اداروں تک رسائی آسان بنانے اور سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔ اس سکیم کے تحت ہزاروں طلبہ کو آسان اقساط پر موٹر سائیکلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔بینک آف پنجاب نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل تمام ضروری مراحل مکمل کر کے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔