یہاں ہر لیول پر کرپشن ہو رہی ہے، میں پوری محنت کے بعد جب آگے بات کرتا ہوں تو بیوروکریٹس اس پر عمل ہی نہیں کرتے:نجی ٹی وی کو انٹرویو
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر قیصر شیخ نے شکوہ کیا وزیراعظم ملاقات کیلئے وقت نہیں دیتے ، کوشش ہے جلد وزیراعظم ملیں یا پھر میں وزارت چھوڑ جائوں گا۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں حکومتی نظام، بیوروکریسی اور کرپشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ کوشش پوری کرتا ہوں لیکن تکلیف میں ہوں نتائج نہیں دے پارہا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کئی بار سنجیدگی سے سوچا ہے وزارت چھوڑ دوں۔انھوں نے بتایا کہ "میں نے اپنا 60 سالہ تجربہ استعمال کیا لیکن یہاں ہر لیول پر کرپشن ہو رہی ہے، میں پوری محنت کے بعد جب آگے بات کرتا ہوں تو بیوروکریٹس اس پر عمل ہی نہیں کرتے۔قیصر احمد شیخ نے شکوہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈھائی سال کے عرصے میں وزیراعظم نے انہیں ایک منٹ کے لیے بھی ملاقات کا وقت نہیں دیا۔