18 مقدمات میں مطلوب تھے، 3 برس سے روپوش ہونے کے باعث اشتہاری قرار دیا گیا تھا
حماد اظہر کی بازیابی کیلئے والدہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا‘آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا
لاہور(آئی این پی)انسداد دہشتگردی کی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کا 20 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔ ترجمان انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق 2 روز سے غائب سابق وفاقی وزیر حماد اظہر 18 مقدمات میں مطلوب تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 3 برس سے روپوش تھے اور انہیں اشتہاری قرار دیا گیا تھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ حماد اظہر سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد مقدمات کے چالان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔قبل ازیں پولیس نے حماد اظہر کی گرفتاری ڈال دی اور انہیں عدالت پیش کردیا‘دریں اثناء حماد اظہر کی بازیابی کے لئے انکی والدہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔حماد اظہر کی والدہ نے بیرسٹر ابو زر سلیمان خان نیازی کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے