راولپنڈی پولیس نے نئے مقدمہ میںگرفتاری ڈال دی،جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے آج عدالت میںپیش کیاجائیگا

( رہائی کھٹائی میںپڑ گئی)بانی پی ٹی آئی ایک اور مقدمہ میں گرفتار

راولپنڈی پولیس نے نئے مقدمہ میںگرفتاری ڈال دی،جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے آج عدالت میںپیش کیاجائیگا
بانی پی ٹی آئی کے خلاف انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت کے باوجود رہانی کے لیے مچلکے آج سپیشل جج کی عدالت میں جمع کروائے جائیں گے
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ ) بانی پی ٹی آئی دہشت گردی کے ایک اورمقدمے میں گرفتار، رہائی کھٹائی میں پڑ گئی۔راولپنڈی پولیس نے نئے مقدمہ میں بانی تحریک انصاف کی گرفتاری ڈال دی۔ راولپنڈی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لئے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتاری ڈال دی۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف جلاؤ گھیراؤ، املاک کو پہنچانے پر مقدمہ درج تھا۔ پولیس نے بتایاکہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کر رہی ہے۔ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو توشہ خانہ کیس 2 میں ضمانت کے باوجود رہانی نہیں ملے گی، ان کے مچلکے آج جمعرات کو سپیشل جج کی عدالت میں جمع کروائے جائیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان کے خلاف 16 مزید مقدمات درج ہیں جن میں انہوں نے ضمانت نہیں حاصل کیں۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کوہسار میں 4 ،تھانہ نون میں2،کورال میں ایک مقدمہ درج ہے، سابق وزیراعظم کے خلاف تھانہ گولڑہ ،کراچی کمپنی، آئی نائن، شہزاد ٹاون، سنگجانی اور تھانہ رمنا میں بھی ایک ایک مقدمہ درج ہے۔سابق وزیراعظم کے خلاف تھانہ آبپارہ ، مارگلہ اور تھانہ ترنول میں بھی ایک ایک مقدمہ درج ہے، بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی،کار سرکار مداخلت ،دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔