عالمی جونیئر اسکواش کھلاڑی ماہ نور علی کی وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سے انصاف کی اپیل

عالمی جونیئر اسکواش کھلاڑی ماہ نور علی کی وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سے انصاف کی اپیل

پشاور: پاکستان کی 14 سالہ انٹرنیشنل جونیئر اسکواش کھلاڑی ماہ نور علی نے اپنی جائز انعامی رقم کی عدم ادائیگی پر وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انصاف کی اپیل کردی۔

کم عمری میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والی ماہ نور علی کا کہنا ہے کہ متعدد کامیابیوں کے باوجود انہیں تاحال اپنی محنت کا جائز حق نہیں مل سکا۔پشاور سے تعلق رکھنے والی علی سسٹرز میں شامل ماہ نور علی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پاکستان کی انٹرنیشنل جونیئر اسکواش کھلاڑی کی حیثیت سے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکواش کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز ہے اور وہ مستقبل میں بھی ملک کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔ماہ نور علی کے مطابق انہوں نے ایشین جونیئر سپر سیریز میں چار مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ گزشتہ اور رواں برس دو مرتبہ ایشین جونیئر چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابیاں طویل محنت، مسلسل ٹریننگ اور ملک کی نمائندگی کے جذبے کا نتیجہ ہیں، تاہم افسوس کی بات ہے کہ اتنی بڑی کامیابیوں کے باوجود انہیں اپنی جائز پرائز منی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپنی انعامی رقم کے حصول کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے دفتر کے متعدد چکر لگا چکی ہیں، لیکن تاحال ان کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔ متعلقہ حکام سے بارہا رابطے کے باوجود انہیں اپنی واجب الادا رقم نہیں مل سکی۔

14 سالہ کھلاڑی کا کہنا تھا کہ اس وقت انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ بیرون ملک سفر، تربیت، کوچنگ اور دیگر کھیلوں سے متعلق اخراجات برداشت کرنا ان کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ماہ نور علی نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اپیل کی کہ ان کی جائز انعامی رقم فوری ادا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور انہیں مناسب مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھ سکیں اور مستقبل میں پاکستان کے لیے مزید بین الاقوامی اعزازات حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی محنت کا صلہ اور حکومتی سرپرستی فراہم نہیں کی جائے گی تو مستقبل میں کون اس کھیل کو اپنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کا حوصلہ کرے گا۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے حقوق کا تحفظ کھیلوں کے فروغ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

ماہ نور علی نے مزید کہا کہ وہ کسی غیر معمولی رعایت کی طلب گار نہیں بلکہ صرف اپنی محنت کا جائز حق اور پاکستان کی نمائندگی جاری رکھنے کے لیے تعاون چاہتی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے اپیل کی کہ ان کی آواز سنی جائے، واجب الادا انعامی رقم دلوائی جائے اور پاکستان کے نوجوان کھیلوں کے ٹیلنٹ کو مالی مشکلات کے باعث ضائع ہونے سے بچایا جائے۔