آٹا 150روپے کلو بکنے لگا،ذخیرہ اندوزی کیخلاف آپریشن88 گودام سیل ،75ہزار 886میٹرک ٹن گند م ضبط
لاہور ،بہاولپور،رحیم یارخان ،پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)فلورملز مالکان اور آٹاچکی مالکان نے ایکا کرلیااور گندم مہنگی کو جواز بنا کر چند روز میں چکی آٹے کی قیمت میں 25روپے فی کلواضافہ کردیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرضلع انتظامیہ اور پیرا کی جوائنٹ ایکشن ٹیموں نے پنجاب کی 10ڈویڑنز میں چھاپے مارکرگندم ذخیرہ کرنے والے 88گودام سیل کردئیے جبکہ 75ہزار 886میٹرک ٹن گند م ضبط کرلی۔تفصیلا ت کے مطابق فلورملزمالکان اور آٹاچکی مالکان نے گٹھ جوڑ کرکے سرکاری نرخ کو نظراندازکرتیہوئے آٹے کی قیمت میں چندروزکے دوران 25روپے کلو کا اضارہ کردیا ،مہنگی گندم کو جوازبناکر فلور ملز مالکان من مانی کرنے لگے اورتاحال سرکاری نرخ پر آٹافراہم نہیں کیاجارہا،چکی مالکان نے بھی قیمت میں غیراعلانیہ اضافہ کردیااورآٹے کا ریٹ 20روپے کلو بڑھا کی 150 روپے فی کلو کر دیا جبکہ مارکیٹ میں 20کلو آٹے کا تھیلا 2100روپے اور 20کلو سفیدفائن آٹا 2300روپے میں بیچا جارہاہے ،15کلو آٹے کا تھیلا 1700اور10کلو آٹے کا تھیلا 1050میں بک رہاہے جبکہ 20کلو آٹے کے تھیلے کا سرکار ی ریٹ 1810روپے ہے۔مارکیٹ ذرائع کا کہناہے کہ گندم کی قیمت میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے منافع خور گندم ذخیرہ کرکے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ پیرااور ضلع انتظامیہ کی جوائنٹ ایکشن ٹیمیں پنجاب بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف متحرک ہیں اور 10 ڈویڑنز کے 184گوداموں میں 2 لاکھ 5 ہزار 271 میٹرک ٹن گندم کی چیکنگ کی گئی،اس دوران 88 سیل کردئیے گئے جبکہ 75 ہزار 886 میٹرک ٹن گندم ضبط کی گئی۔لاہور ڈویڑن سے 31 ہزار 906 ، گوجرانولہ اور گجرات ڈویڑن سے 9 ہزار 128 ، سرگودھا ڈویڑن سے 1906 ، راولپنڈی سے6 ہزار 498 ،ساہیوال سے 5 ہزار 147 ، بہاولپور ڈویڑن سے 1796 ، ڈی جی خان سے 4 ہزار 748 ، فیصل آباد ڈویڑن سے 1618 اور ملتان ڈویڑن سے 13 ہزار 139 میٹرک ٹن گندم ضبط کی گئی،ضبط شدہ گندم کے آٹے کو متعلقہ اضلاع کی مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا۔دوسری طرف پنجاب کی 131 فیڈ ملز میں سے 85 کی چیکنگ مکمل کرلی گئی ہے ،سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ نے گزشتہ روز کنٹرول روم کا دورہ کیا اور مختلف اضلاع کی چیک پوسٹوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی لائیو سٹریمنگ کے بارے میں استفسار کیا، انہیں کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پنجاب کی طرف سے گندم کی سپلائی کی معطلی افسوس ناک ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب متاثرین میں چیک تقسیم کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں لوگوں کی مل کر مدد کرنے کا ہے۔