چکی آٹا مزید مہنگا،چاول کا ریٹ بھی چڑھ گیا

 آٹے کی قیمت140 سے بڑھ ہو کر 150 روپے ہو گئی،چاول کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں بلا جواز 20سے 40روپے تک اضافہ 
لاہور( کرائم رپورٹر) آٹاچکی مالکان نے ایک کلو چکی کے تیار کردہ آٹے کی قیمت میں مزید 10روپے اضافہ کر دیا جس سے اس کی قیمت140روپے سے بڑھ ہو کر 150 روپے ہو گئی ہے ،آٹا چکی مالکان کے مطابق اوپن مارکیٹ سے ایک من گندم 4300 روپے میں مل رہی ہے جس کے باعث چکی کے تیار کردہ آٹے کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔اس سے قبل ان کو اوپن مارکیٹ سے ایک من گندم 3500 روپے میں مل رہی تھی۔آٹا چکی مالکان نے ایک ما ہ میں تیسری بار قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ چاول کی قیمت چڑھ گئی چاول کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں بلا جواز 20سے 40روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق گھریلو استعمال کے درمیانے درجے کے چاول کی فی کلو قیمت 20روپے اضافے سے 256روپے کلو ہو گئی جبکہ 25کلو کا تھیلا500روپے اضافے سے6400روپے میں دستیاب ہے ، اے کیٹگری کا چاول24روپے کلو اضافے سے344روپے کلو ہو گیا جبکہ اس کا 25کلو تھیلا 600روپے اضافے سے8600روپے کاہو گیا۔ شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت سرکار ی نرخنامے میں بدستور 595روپے ، زندہ برائلر مرغی کی قیمت411روپے فی کلو پر مستحکم جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت بھی بغیر کسی ردو بدل کے 300روپے فی درجن کی سطح پر رہی۔دوسری جانب اوپن مارکیٹوں میں دکاندارسرکاری نرخنامے کو کسی خاطر میں نہیں لا رہے اور مختلف مقامات پر برائلر گوشت سرکاری نرخ 595روپے کے برعکس 70سے80روپے فی کلو تک مہنگافروخت کیا جارہا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے پھلوں اور سبزیوں کاسرکاری نرخ نامہ جاری کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق پھلوں میں سیب کالا کلو پہاڑی (درجہ اول) 230 روپے فی کلو، امرود (درجہ اول) 150 روپے فی کلو، کیلا (درجہ اول) 125 روپے فی درجن، گرما (درجہ اول) 155 روپے فی کلو، آڑو (درجہ دوئم) 170 روپے فی کلو جبکہ ناشپاتی (درجہ اول) 215 روپے فی کلو فروخت کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔سبزیوں کی فہرست میں آلو (درجہ اول) 82 روپے فی کلو، پیاز (درجہ اول) 145 روپے فی کلو، کھیرا (فارمی) 140 روپے فی کلو، بھنڈی (درجہ اول) 90 روپے فی کلو اور کریلا (درجہ اول) 160 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیموں دیسی 690 روپے فی کلو، لہسن دیسی 385 روپے فی کلو اور چائنہ لہسن 530 روپے فی کلو فروخت کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق نرخ نامہ کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو مقررہ قیمتوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔