سکھر کے علاقے ٹنڈرو بوراہا میں بارش کے دوران افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کے فوری بعد لاشوں اور زخمیوں کو پولیس موبائل کے ذریعے تعلقہ اسپتال روہڑی منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 10 سالہ خالد برڑو، 11 سالہ درمحمد برڑو اور شاہ زیب شیخ کے ناموں سے ہوئی ہے۔زخمی ہونے والے بچوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث دیوار کمزور ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں یہ حادثہ رونما ہوا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہوگئی اور مقامی افراد بڑی تعداد میں اسپتال پہنچ گئے۔