انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو تاریخ کی سب سے بڑی ون ڈے شکست دے کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
روز باؤل میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں انگلینڈ نے پروٹیز کو 342 رنز کے بھاری مارجن سے ہرایا۔انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 414 رنز بنائے۔ جیکب بیتھل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 82 گیندوں پر 110 رنز اسکور کیے۔ جو روٹ نے ذمہ دارانہ انداز میں 100 رنز بنائے جبکہ کپتان جوز بٹلر نے صرف 32 گیندوں پر برق رفتار 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ اوپنر جیمی اسمتھ بھی 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 20.5 اوورز میں 72 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کوربن بوش 20 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ کپتان ٹیمبا باووما انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہ آسکے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ عادل رشید نے 3 اور برائیڈن کارس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے بھارت کا 2023 میں بنایا گیا 317 رنز کی سب سے بڑی کامیابی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ انگلینڈ کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں بھی سب سے بڑی جیت ہے، جس نے 2018 میں آسٹریلیا کے خلاف 242 رنز سے جیت کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔اگرچہ تیسرے میچ میں انگلینڈ نے تاریخ رقم کی، لیکن سیریز جنوبی افریقہ نے 1-2 سے اپنے نام کی، کیونکہ پہلے ون ڈے میں پروٹیز نے 7 وکٹوں اور دوسرے میں 5 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔