تل ابیب میں اسرائیل کے جنوبی علاقے میں واقع رامون ایئرپورٹ پر یمن کے حوثیوں کی جانب سے داغا گیا دھماکہ خیز ڈرون ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے کے نتیجے میں 2 افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں امدادی اداروں نے موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈرون نے ایئرپورٹ کے پسینجر ٹرمینل کو نشانہ بنایا، جس کے بعد جائے وقوعہ سے دھوئیں کے بادل اٹھنے لگے۔واقعے سے قبل اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے یمن کی جانب سے بھیجے گئے تین ڈرون مار گرائے ہیں، تاہم ایک ڈرون رکاوٹ عبور کرکے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔
واضح رہے کہ یمن کے حوثی باغی اس سے قبل بھی اسرائیل اور اس کے اتحادیوں پر ڈرون اور میزائل حملے کرتے رہے ہیں، جنہیں اکثر اسرائیلی ڈیفنس سسٹم ناکام بناتا ہے۔ لیکن حالیہ حملہ اسرائیل کی جنوبی فضائی حدود میں ایک بڑا سیکیورٹی خدشہ قرار دیا جا رہا ہے۔