روزانہ تقریبا 6 لاکھ 50 ہزار مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا:وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (آئی این پی) سندھ حکومت اور پاکستان ریلوے نے طویل عرصے سے التوا کا شکار کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر)منصوبے کی بحالی کے لیے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے پر
تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کو تجویز دی کہ سندھ اور ریلوے کے ٹیکنیکل ماہرین مشترکہ طور پر منصوبے کے طریقہ کار تیار کریں۔وزیراعلی ہائوس سے جاری بیان کے مطابق، مراد علی شاہ نے کے سی آر کی بحالی کی فوری ضرورت پر زور دیا اور منصوبے میں مسلسل تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ کے سی آر روزانہ تقریبا 6 لاکھ 50 ہزار مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا اور کراچی میں مشرق تا مغرب اور شمال تا جنوب اہم ربط قائم کرے گا۔تاہم، منصوبہ چونکہ سی پیک کے تحت مکمل ہونا ہے، اس لیے تازہ فیزیبلٹی رپورٹ تاحال چینی حکام کی منظوری کی منتظر ہے۔وزیراعلی سندھ نے وفاقی وزیر کو ایک مشترکہ حکمتِ عملی کی تجویز دی، جس کے تحت سندھ حکومت اور ریلوے مل کر منصوبہ تیار کریں گے جب کہ ڈونر ایجنسیوں اور نجی شعبے کو بھی شامل کیا جائے گا۔وفاقی حکومت نے منصوبہ سی پیک کے تحت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور منظور شدہ پلان کے مطابق کے سی آر کا روٹ 43.2 کلومیٹر طویل ہوگا، جس میں 25.51 کلومیٹر اونچائی پر اور 17.7 کلومیٹر سطح زمین پر ہوگا جب کہ منصوبے یں کل 24 اسٹیشن شامل ہیں جن میں 13 اونچائی پر اور 11 سطح زمین پر ہوں گے