فیلڈ مارشل جنرل سید حافظ عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو عبرتناک شکست دی گئی ،مولانا سید عبدالخبیر آزاد
راولپنڈی (آن لائن) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور ملک کے دفاع پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ملک کی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں اور معرکہ حق بنیان مرصوص کی ایک سالہ کامیابی کے موقع پر راولپنڈی میں ایک شاندار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد اور کمشنر راولپنڈی عامر خٹک سمیت اعلیٰ انتظامی اور عسکری شخصیات نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور ملک کے دفاع پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس فیلڈ مارشل جنرل سید حافظ عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو عبرتناک شکست دی گئی اور الحمدللہ قوم اس فتح کا جشن منا رہی ہے۔چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے مکروہ عزائم خاک میں ملا کر عالمی سطح پر قومی عزت و وقار میں اضافہ کیا، اور اگر دشمن دوبارہ حملے کی کوشش کرے تو اسے عبرت کی مثال بنایا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ کشیدگی کے حل میں ثالث کا کردار ادا کر کے امن کے لیے مثالی کردار پیش کیا ہے۔کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے بھی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ علمائے کرام نے ہر موقع پر تعمیری اور پرامن کردار ادا کیا ہے۔کانفرنس میں انتظامی افسران، اراکین امن کمیٹی اور عوامی نمائندوں نے قومی پرچم لہرا کر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور ملکی یکجہتی کے پیغام کو اجاگر کیا۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے آخر میں کہا کہ ملک دشمن طاقتیں فتنہ و دہشت گردی کے ذریعے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں، لیکن اتحاد اور اجتماعی شعور کے ذریعے دشمن کو شکست دی جا سکتی ہے۔