نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں بحرینی ہم منصب کے ہمراہ پاکستان۔بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت و غذائی تحفظ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے صحت، تعلیم اور محنت کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر باہمی روابط و تبادلوں کے فروغ کے لیے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے عملی اور ٹھوس فوائد میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مشترکہ ورکنگ گروپس، ادارہ جاتی شراکت داری اور باقاعدہ فالو اَپ کے ذریعے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔ پاکستانی وفد میں سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن، قائم مقام سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری ایس آئی ایف سی اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے اعلیٰ حکام شامل تھے، جبکہ بحرین کے اعلیٰ حکام کے علاوہ بحرین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔