سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی:بلال صدیق کمیانہ
لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویڑن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان، کرائم کنٹرول اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے مابین ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کرکٹ سیریز کے دوران کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے پتنگ بازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او جوابدہ ہوگا۔ انہوں نے سود خور عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا مالی استحصال کرنے والے سود خور عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے چوری اور نقب زنی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے پولیس افسران کو جرائم کے سدباب کے لیے فیلڈ میں متحرک رہنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس دفاتر آنے والے سائلین کی عزتِ نفس کا ہر صورت خیال رکھا جائے اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ سی سی پی او لاہور نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بروقت انصاف اور بہترین پولیس سروسز کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔