لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد خالد سعید نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کی مختلف برانچز کے دفاتر کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو انتظامات میں مزید بہتری لانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ریزرو انسپکٹر لائن، لائن افسر، پی ایس او، ریڈر سمیت دیگر پولیس افسران موجود تھے۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز نے سپورٹس ونگ کے افسران سے بھی ملاقات کی اور پولیس کھلاڑیوں کو درپیش مسائل سنے۔ انہوں نے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔محمد خالد سعید نے کہا کہ لاہور پولیس کے کھلاڑیوں نے صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں پنجاب پولیس کا نام روشن کیا ہے، کھیلوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز نے متفرق سٹور، بینڈ سٹاف اور میس کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آگ بجھانے والے آلات کی چیکنگ اور انہیں ہر وقت فعال حالت میں رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پولیس لائنز ایریا اور مختلف برانچز کی دیکھ بھال کے انتظامات مزید بہتر بنانے، تمام نفری کے ریکارڈ کو درست رکھنے اور میڈیکل و ویلفیئر معاملات کا مؤثر میکانزم یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔محمد خالد سعید نے ہدایت کی کہ پولیس ملازمین کی ویلفیئر سے متعلق شکایات اور مسائل کو بروقت حل کیا جائے۔ دورانِ ڈیوٹی کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، افسران و اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، فرض شناسی اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام دیں۔