14 سال سے آپ دھرنوں پر لگے ہوئے ہیں اب آپ کو فیض نہیں ملنا، فیض اب جاچکا
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے 14 سال سے آپ دھرنوں پر لگے ہوئے ہیں اب آپ کو فیض نہیں ملنا، فیض اب جاچکا ہے۔لاہور میں صوبائی وزیر بلال یاسین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ ایک وزیر اعلی لاہور آیا تھا کیا ملا اسے خالی ہاتھ واپس گیا، یہ ملاقات مانگ رہے ہیں ایسے ملاقات نہیں ہونی، دوسرے مرتبہ نومئی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک ایسا گروہ موجود ہے جسے ملک میں ہونے والی ہر اچھی خبر سے تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال کے دوران کم آمدن والے افراد کے لیے اپنی چھت اپنا گھر جیسا منصوبہ کیوں شروع نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور کے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کے وعدے عملی شکل اختیار نہ کر سکے، پنجاب حکومت کے منصوبے اور سابق حکومت کے ہاسنگ منصوبے میں بنیادی فرق ماڈل کا ہے، پنجاب کے منصوبے میں قرض پر سود صوبائی حکومت ادا کر رہی ہے جبکہ سابق منصوبے میں سود کی ادائیگی شہریوں کو کرنا تھی۔اس موقع پر بلال یاسین نے پی ٹی آئی کے طرز سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں اور نعرے بازی کی سیاست کا کلچر ختم کرناہوگا۔ طرز سیاست خدمت اور عوامی کارکردگی پر ہونی چاہیے نا کہ گالم گلوج اور بدزبانی کے ریکارڈ قائم کرنے پر۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو دنیا میں سب سے کم وقت میں پھیلنے والے پروگرام کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ یہ اعزاز پنجاب حکومت کی عوامی خدمت اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں جاری فلاحی اقدامات کا عالمی اعتراف ہے۔ یہ ایوارڈ صرف وزیراعلیٰ پنجاب کا نہیں بلکہ 25 کروڑ پاکستانیوں کا ایوارڈ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو ایوارڈ محض دعوؤں کی بنیاد پر نہیں بلکہ عملی کارکردگی کی بنیاد پر مل رہے ہیں۔