تھانہ شاہدرہ اور تھانہ مصری شاہ کا دورہ ،حوالات، حاضری ،صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی سٹی عاطف امیر نے تھانہ شاہدرہ اور تھانہ مصری شاہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں متعلقہ سرکل افسران اور ایس ایچ اوز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران ایس پی سٹی نے فرنٹ ڈیسک، فیسیلیٹیشن آفیسر، گائیڈ کانسٹیبل اور دیگر عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کی فوری رہنمائی اور مدد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ایس آئی پی ایس کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کی ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ایس پی سٹی نے کیو میٹک مشین، حوالات، مالخانہ، تھانے کے ریکارڈ، حاضری رجسٹر اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا، جبکہ سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران انہوں نے تھانوں میں موجود شہریوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی سٹی عاطف امیر نے ہدایت کی کہ ایس آئی پی ایس کی تمام سہولیات تک عوام کی آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے اور فرنٹ ڈیسک پر موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ زیر حراست ملزمان پر تشدد یا غیر قانونی حراست کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے کسی بھی عمل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس پی سٹی عاطف امیر کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔