کینال روڈ : خراب سائن بورڈز ، حادثات کا خدشہ

ٹریفک رہنمائی بہتر بنانے کے لیے مغلپورہ انڈر پاس کے سائن بورڈز بحال کیے جائیں گے: سی ٹی او کامراسلہ
لاہور(کرائم رپورٹر)کینال روڈ پر رات کے وقت سائن بورڈز کی عدم موجودگی اور خرابی کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھنے لگا، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سی ٹی او لاہور نے ٹیپا حکام کو مراسلہ لکھ دیا۔مراسلے میں مغلپورہ کینال روڈ انڈر پاس پر خراب سائن بورڈز کی مرمت اور بحالی کی درخواست کی گئی ہے۔ سی ٹی او کے مطابق خراب اوورہیڈ سائن بورڈز شہریوں کو ٹریفک رہنمائی میں مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔مغلپورہ انڈر پاس کے داخلی راستے پر ٹوٹے سائن بورڈز کو فوری بحال کرنے اور خراب سائن بورڈز کی مرمت کرکے انہیں اصل حالت میں لانے کی درخواست کی گئی ہے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک رہنمائی بہتر بنانے کے لیے مغلپورہ انڈر پاس کے سائن بورڈز بحال کیے جائیں گے۔