پتنگ بازی، منشیات، اسلحہ، جوئے اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈا ئون،، بھاری مقدار میں سامان بر آمد
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے چھٹی کے روز مختلف جرائم کے خلاف کارروائیوں کے دوران 493 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کے مطابق چوری اور راہزنی میں ملوث سات گینگز کے 14 ملزمان گرفتار کرکے ان سے 15 لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ سامان بر آمد کیا گیا۔ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 122 مقدمات درج کرکے 126 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 4 ہزار 919 پتنگیں، 154 چرخیاں اور پنی ڈور بر آمد ہوئی۔ اسلحہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 13 ملزمان گرفتار کرکے 13 پستول اور درجنوں گولیاں بر آمد کی گئیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 21 ملزمان گرفتار ہوئے، جن سے 3 کلو 160 گرام آئس، 6 کلو 650 گرام چرس اور 65 لیٹر شراب بر آمد ہوئی۔ جوئے میں ملوث 17 ملزمان کو گرفتار کرکے دا ئو پر لگی ایک لاکھ روپے سے زائد رقم بر آمد کی گئی، جبکہ ہراسانی میں ملوث 15 ملزمان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کارروائیوں کے دوران 245 اشتہاری اور مفرور ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پابندی کے باوجود ون ویلنگ کرنے والے 13 افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں گرفتار کیا گیا، جبکہ بھکاریوں کے خلاف کارروائی میں 18 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ دیگر جرائم میں ملوث 11 ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔ محمد فیصل کامران کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔