نو ماہ میں 67 لاکھ سے زائد لائسنس جاری، خلاف ورزیوں پر ڈیڑھ کروڑ چالان،ا عدادوشمار جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) ٹریفک پولیس پنجاب نے سال 2026 کے پہلے نو ماہ کے اعدادوشمار جاری کر دیے، جن کے مطابق صوبے میں جان لیوا ٹریفک حادثات میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ غیر مہلک حادثات میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مجموعی جان لیوا حادثات میں سے 76 فیصد میں ڈرائیوروں کی غفلت شامل رہی، جبکہ تیز رفتاری، بے احتیاطی اور غلط اوورٹیکنگ حادثات کی بڑی وجوہات ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں رجسٹرڈ گاڑیوں میں موٹر سائیکلوں کا تناسب 84 فیصد ہے، جبکہ پہلے نو ماہ کے دوران 39 فیصد ٹریفک حادثات موٹر سائیکلوں سے متعلق تھے۔ ٹریکٹر ٹرالی سے متعلق حادثات کی شرح 10 فیصد، ٹرک اور بسوں سے متعلق 14 فیصد، جبکہ چنگ چی اور لوڈر رکشوں سے متعلق حادثات کی شرح چھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان کے مطابق جنوری سے اب تک 67 لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ڈیڑھ کروڑ سے زائد چالان کیے گئے۔ حادثات میں مزید کمی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔