تھانہ شاہدرہ ٹائون : چوری کا شبہ،ملازمہ پر پولیس اہلکاروں کا تشدد

لاہور(آئی این پی )لاہور میں کسٹوڈین ٹارچر کا ایک اور مبینہ کیس سامنے آگیا، جہاں تھانہ شاہدرہ ٹائون میں چوری کے شبہ میں تفتیش کے لئے بلائی گئی ملازمہ سعدیہ نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔متاثرہ خاتون سعدیہ کے مطابق اے ایس آئی بلال نے اسے فون کرکے تھانہ شاہدرہ ٹائو ن بلایا، جہاں چوری کے شبہ میں اس سے تفتیش کی گئی۔ سعدیہ کا الزام ہے کہ مرد پولیس اہلکاروں نے اسے چارپائی سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔سعدیہ کے مطابق تشدد کے بعد اس کی حالت غیر ہوگئی، جس پر اسے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی، تاہم وہ مبینہ تشدد کے باعث چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہی۔متاثرہ خاتون کا میاں منشی اسپتال میں طبی معائنہ بھی کرایا گیا، جہاں اس کی ٹانگوں اور پاوں پر نیل کے نشانات سامنے آئے۔سعدیہ نے مبینہ تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔