راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو راولپنڈی آمد پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کے تنازع، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے اور افغانستان سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔