پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہارکیا گیا
راولپنڈی (آئی این پی )فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کے وزیر لیو ہائی شنگ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہارکیا گیا۔ بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور آزمودہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کی،دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے مسلسل روابط، ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے چینی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے دیرینہ سٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے اعتماد کا اظہارکیا۔