تحصیل میرپور ماتھیلو میں صحافت سے وابستہ ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکریٹری طفیل رند قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جروار روڈ کے علاقے مسو واہ میں پیش آیا، جب طفیل رند اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔مقتول صحافی کی لاش ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کر دی گئی ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے، تاہم پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں پر حملے دراصل آزادیٔ صحافت پر حملے ہیں، اور ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مقتول صحافی کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دے دیا۔