محکمہ پولیس ،منظور شدہ یونیفارم پیٹرن پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات

لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس افسران و اہلکاروں کو محکمہ پولیس کے منظور شدہ یونیفارم پیٹرن پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور نے باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر منظور شدہ سٹائل، رنگ یا ڈیزائن کی یونیفارم استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ قواعد کے مطابق منظور شدہ پیٹرن سے انحراف کو مس کنڈکٹ تصور کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی ایڈمن نے ہدایت کی کہ تمام افسران و اہلکار منظور شدہ یونیفارم کے ڈیزائن، رنگ، بیجز اور ایکسسریز کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں فیلڈ کمانڈرز اپنے ماتحت عملے کی نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ یونیفارم کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے اچانک معائنہ بھی کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔