ویب ڈیسک:ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے پی ٹی آئی کی 8 نومبر کو ایوب سٹیڈیم یا ہاکی گراونڈ میں جلسہ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جلسہ کی اجازت کے لیے درخواست دی گئی تھی، مگر مراسلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی رہنماؤں سے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، مگر وہ جواب نہیں دے سکے۔
اس کے علاوہ، ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس اینڈ کوارڈی نیشن کمیٹی کی جانب سے داعش اور ٹی ٹی پی کے حوالے سے تھرٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی کے جلسے اور پی بی 44 کے ری پولنگ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کے خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔ ایوب سٹیڈیم میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحانات بھی جاری ہیں، جس کے باعث وہاں جگہ کی کمی ہے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے بھی کہا کہ پولیس کی نفری امتحانات کی حفاظت میں مصروف ہے۔بلوچستان حکومت نے کھیلوں کے میدانوں میں سیاسی جلسوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔