اساتذہ احتجاج کی کال واپس لیں تو مذاکرات کرینگے:فیصل ترکئی

تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کئے جا سکتے ہیں:  وزیر تعلیم خیبرپختونخوا
پشاور(آئی  این پی )وزیر تعلیم خیبر پختونخوا فیصل ترکئی نے کہا ہے  احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن سکول بند کرنا غیر قانونی ہے، سکول بند کرنے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نجی ٹی وی سے  گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم کے پی فیصل ترکئی نے کہا  بعض اساتذہ نے طلبا کو سکول سے نکال کر ویڈیوز بنائیں، احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن سکول بند کرنا غیر قانونی ہے۔فیصل ترکئی نے کہا کہ طلبا کی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، اساتذہ سے دوبارہ التجا ہے کہ احتجاج ختم کریں، تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کیے جا سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ اساتذہ احتجاج کی کال واپس لیں تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں، اساتذہ جب چاہیں وزیراعلی خیبر پختونخوا کے سامنے اپنے مطالبات رکھ سکتے ہیں