تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مستحکم بنانے کی ضرورت ہے: ترک سفیر سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(بیورو رپورٹ )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوعلو نے وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے نئے تعینات ہونے والے ترک سفیر نذیراوعلو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ترکیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے جموں و کشمیر پر ترکیہ کی پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بھی بنیادی مفادات کے حوالے سے ترکیہ کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔