نارنگ منڈی(خصوصی رپورٹ)نارنگ شہر اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کے لیے خوف اور پریشانی کی علامت بن گئی گلی محلوں میں دندناتے آوارہ کتوں کے جھنڈ کے باعث شہری خصوصاً خواتین، بچے اور بزرگ عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ صبح اور شام کی واک کے لیے گھروں سے نکلنا بھی دشوار ہو چکا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے تقریباً ہر علاقے میں آوارہ کتوں کی ٹولیاں موجود ہیں جو راہگیروں پر حملہ آور ہو جاتی ہیں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اور متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی متاثرہ شہریوں نے شکایت کی کہ مقامی مریم نواز اسپتال نارنگ میں اینٹی ریبیز ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث متاثرہ افراد کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ جس سے انہیں شدید مشکلات اور اضافی اخراجات کا سامنا ہے اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کی تلفی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں جبکہ مریم نواز اسپتال نارنگ میں فوری طور پر اینٹی ریبیز ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔