اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی المناک موت نے پورے ملک کو غم و غصہ میں مبتلا کر دیا ہے۔
اس دلخراش واقعے پر شوبز سے وابستہ معروف مائیں بھی اپنے جذبات کو قابو میں نہ رکھ سکیں۔اداکارہ اور میزبان سعدیہ امام نے اس سانحے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ دل دہلا دینے والا ہے اور ہمیں انصاف کے حصول کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی۔سویرا پاشا بھی اس واقعے پر گفتگو کے دوران جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور بچوں اور ان کی ماؤں کی تکلیف کا ذکر کرتے ہوئے کیمرے کے سامنے آبدیدہ ہو گئیں۔اداکارہ جویریہ سعود نے بھی اس واقعہ پر شدید غم اور غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی غفلت ناقابل برداشت ہے، جس کے نتیجے میں معصوم بچوں کی جانیں ضایع ہوئیں۔میزبان اور صحافی مہر بخاری نے سانحے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔کرن ناز نے بھی اس المناک واقعے پر اپنی رائے کا اظہار کیا، اور کہا کہ یہ واقعہ ہمیں انتباہ کرتا ہے کہ ہمیں صحت کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔