وال سٹریٹ میں ریکارڈ توڑ اضافہ، ٹرمپ کا سٹاک مارکیٹ میں تیزی پر خوشی کا اظہار

واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ امریکی جنگ کے دوران وال سٹریٹ میں ریکارڈ توڑ اضافے کو ایک بار پھر ترقی کرتی ہوئی معیشت کا ثبوت قرار دیا ہے۔ٹرمپ نے وائٹ ہائو س کی جانب سے ایکس پر شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، بچت اور ملازمتیں بڑھ رہی ہیں۔جمعرات کو ایس اینڈ پی 500 اور نیسڈیک کمپوزٹ دونوں نے ریکارڈ سطح پر بندش دی، جہاں بالترتیب 1.46 فیصد اور دو فیصد اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ زیادہ تر ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے وابستہ حصص میں تیزی کے باعث ہوا۔ ڈا جونز انڈسٹریل ایوریج میں بھی ایک فیصد سے زائد اضافہ ہوا اور یہ اپنی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا۔ان اضافوں کی وجہ سرمایہ کاروں میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان ممکنہ امن مذاکرات میں پیش رفت کی امید کو قرار دیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی تیل کی قیمتوں میں کمی آئی۔تاہم ٹرمپ کی جانب سے ترقی کرتی معیشت کے دعوں کے باوجود، امریکہ میں پیٹرول کی قومی اوسط قیمت کئی برسوں کی بلند ترین سطح پر 4.48 ڈالر فی گیلن (3.78 لیٹر) ہے۔ بدھ کو معمولی کمی سے قبل، صرف دو ہفتوں میں قیمتوں میں 11 فیصد اضافہ ہو چکا تھا۔امریکی فیڈرل ریزرو نے گذشتہ ماہ جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا تھا کہ خوراک اور توانائی سے متعلق مہنگائی کے حوالے سے امریکی گھریلو توقعات 2022 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔