مارچ کے مقابلے اپریل میں تجارتی خسارہ 55.20 فیصد بڑھ گیا

مارچ کے مقابلے اپریل میں تجارتی خسارہ 55.20 فیصد بڑھ گیا

ویب ڈیسک: پاکستان کے تجارتی خسارے میں مارچ کے مقابلے میں اپریل میں 55.20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ سالانہ بنیاد پر بھی 35.79 فیصد زیادہ خسارہ سامنے آیا ہے۔

 سرکاری دستاویزات کے مطابق اپریل 2025 میں تجارتی خسارہ 3 ارب 38 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا۔دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال (جولائی تا اپریل) کے دوران مجموعی تجارتی خسارہ 21 ارب 35 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.81 فیصد زیادہ ہے۔

برآمدات میں کمی:
مارچ 2025 کے مقابلے میں اپریل میں برآمدات میں 19.05 فیصد کمی ہوئی، جس سے اپریل میں برآمدات کا مجموعی حجم 2 ارب 14 کروڑ ڈالر رہا۔ سالانہ بنیاد پر بھی برآمدات میں 8.93 فیصد کمی نوٹ کی گئی۔تاہم، رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں برآمدات میں 6.25 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا مجموعی حجم 26 ارب 86 کروڑ ڈالر رہا۔

درآمدات میں اضافہ:
اپریل میں درآمدات میں مارچ کے مقابلے 14.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور ان کا حجم 5 ارب 53 کروڑ ڈالر رہا۔ سالانہ بنیاد پر درآمدات میں 14.09 فیصد اضافہ سامنے آیا۔رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ (جولائی تا اپریل) میں ملکی درآمدات 48 ارب ڈالر سے زائد رہیں، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.37 فیصد زیادہ ہیں۔یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان کو تجارتی توازن بہتر کرنے کے لیے برآمدات بڑھانے اور درآمدات محدود کرنے کی فوری حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔