لاہور/کراچی (ویب ڈیسک): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایک اہم ملاقات کی جس میں بھارت کی جانب سے ہونے والے حالیہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں گورنرز نے پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کے لیے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں اور پورا ملک پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کسی بھی قسم کی جارحیت کرے، پاکستان اپنی سرحدوں کا بھرپور دفاع کرے گا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی پاک فوج کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کے حالیہ حملے کے جواب میں پاکستان نے جو قدم اٹھایا ہے وہ ملک کی طاقت اور عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کی حفاظت اور دفاع کے لیے عوامی سطح پر یکجہتی اور اتفاق ضروری ہے۔یہ ملاقات اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت ملک کی دفاعی قوت کو مستحکم کرنے اور قومی مفاد میں یکجا ہے۔