افواج پاکستان نے جس طرح دشمن کے دانت کھٹے کیے پوری قوم کو ان پر فخر اور ناز ہے،وفاقی وزیر
شیخوپورہ (آئی این پی) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بھارت کا رات کی تاریکی میں پاکستان کی حدود احمد پور شرقیہ ،مظفر آباد ،شکر گڑھ ،کوٹلی،سیالکوٹ، اور مریدکے میں حملہ نریندر مودی کے پاگل پن کا ثبوت ہے ،افواج پاکستان نے جس طرح دشمن کے دانت کھٹے کیے ہیں اور ان کے پانچ طیاروں کو مار گرایا وہ قابل تعریف ہی نہیں لائق تحسین بھی ہے جس پر پوری قوم کو اپنی فوج پر فخر اور ناز ہے۔اپنے ایک بیان میں رانا تنویرحسین نے کہا بھارتی فوج نے اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا کر اپنی ناکامی اور شکست کو دنیا کے سامنے تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی کا جنگی جنون بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ییاور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، قوم متحد رہے۔