کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاست کے بجائے ریاست پر حملے اور غیرملکی میڈیا کے ذریعے اپنی مہم چلاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کے زیر انتظام بھارتی چینلز پر پاکستان پر حملے شرمناک ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی غیرملکی میڈیا پر پاکستان کی بدنامی کے لیے بھیجی گئی ہیں، جو حل کی بجائے افراتفری پیدا کرنے کا نمونہ ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو پاکستان کے خلاف بدنامی کی بجائے ملکی سیاست پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی مشکوک اکاؤنٹس کے ذریعے غیر ملکی فنڈنگ پر قائم ہے۔انہوں نے پیپلز پارٹی کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو بدترین تشدد کا سامنا کرنا پڑا، شہید ذوالفقار بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کے باوجود پارٹی کا عزم ٹوٹا نہیں۔ شازیہ مری نے یاد دلایا کہ صدر زرداری نے 12 سال جیل میں گزارے لیکن پھر بھی ہمیشہ ’’پاکستان کھپے‘‘ کے نعرے کو ترجیح دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی اداروں کو نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی ذاتیات کی سیاست کی، اور کبھی بھی ملک کے خلاف سازش کا حصہ نہیں بنی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پسند ہے اور پُرامن اختلاف رائے کو اہمیت دیتی ہے۔آخر میں شازیہ مری نے کہا کہ اُمید ہے پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی قوتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گی تاکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔