گوگل نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل کر کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین کی نمایاں کارکردگی کو سراہا ہے۔
اس ڈوڈل میں خلاء باز، ڈی این اے ڈھانچے، سائنس لیب اور ٹیکنالوجی کے مختلف میدانوں میں خواتین کی شراکت کو تخلیقی طور پر پیش کیا گیا ہے۔ گوگل نے اپنی اس تخلیق کے ذریعے ان خواتین کی کامیابیوں کو اجاگر کیا ہے جنہوں نے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھمیٹکس (STEM) کے شعبوں میں اہم کردار ادا کیا۔اس ڈوڈل کا مقصد خواتین کی اہمیت اور ان کی کامیابیوں کو تسلیم کرنا ہے، لیکن ساتھ ہی اس حقیقت کو بھی اجاگر کرنا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین کی افرادی قوت کا حصہ ابھی بھی کم ہے، جو کہ عالمی سطح پر صرف 29 فیصد ہے۔
تاہم، گوگل نے خوشی کا اظہار کیا کہ ہر سال یہ تعداد بڑھ رہی ہے اور اس بات کو اجاگر کیا کہ خواتین کی کامیاب خدمات کی بدولت دنیا میں کئی اہم تبدیلیاں آئی ہیں اور یہ تبدیلیاں اب بھی جاری ہیں۔گوگل کا یہ ڈوڈل خواتین کی طاقت اور ان کی محنت کو تسلیم کرنے کا ایک طریقہ ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ خواتین کی کامیابیاں دنیا کے مختلف شعبوں میں انقلاب برپا کر رہی ہیں۔ گوگل نے اپنے اس پیغام کے ذریعے عالمی سطح پر خواتین کے کردار کو تسلیم کرنے اور انہیں مزید مواقع دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔