خالصتان تحریک کے حامیوں نے جے شنکر کی برطانوی وزیراعظم اور وزیرخارجہ سے ملاقات کو تنقید کا نشانہ بنایا
لندن (آئی این پی )بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی برطانیہ آمد پر سکھوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق سکھ رہنمائوں نے بھارتی وزیرخارجہ جے ایس شنکر کے سرکاری دورے پر لندن پہنچنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔ ایک سکھ رہنما جے شنکر کی گاڑی کی طرف بھاگا اور بھارتی پرچم پھاڑ کر مودی سرکار کے خلاف غصے کا اظہار کیا۔سکھ مظاہرین نے وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ خالصتان تحریک کے حامیوں نے جے شنکر کی برطانوی وزیراعظم اور وزیرخارجہ سے ملاقات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔برطانیہ میں جے شنکر کی موجودگی کے دوران سکھوں نے مودی کی پالیسیوں اور بھارتی حکومت کے اقدامات کی شدید مذمت کی۔