امریکہ نے ایران کو جوہری معاملے پر ڈیل کی پیشکش کردی ٹرمپ نے سپریم لیڈر خامنہ ای کو خط لکھ دیا

 ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کیلئے کچھ کرنا ہوگا، ایران کیساتھ ڈیل تک پہنچنے کی کوشش کروں گا،  جوہری معاہدہ کرنا چاہتے ہیں
 میرا خیال ہے  وہ یہ خط چاہتے تھے، اس کا دوسرا متبادل یہ ہے  ہم کچھ کریں، کیونکہ ایک اور جوہری ہتھیار نہیں بننے دے سکتے:امریکی صدر

واشنگٹن(آئی این پی)امریکہ نے ایران کو جوہری معاملے پر ڈیل کی پیشکش کردی، ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کو خط لکھ دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کو خط لکھ کر ڈیل کی پیشکش کردی۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کیلئے کچھ کرنا ہوگا، ایران کے ساتھ کسی ڈیل تک پہنچنے کی کوشش کروں گا۔ انھوں نے کہا ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا  ایرانی قیادت کو خط لکھا ہے، امید ہے وہ اتفاق کریں گے۔ میرا خیال ہے  وہ یہ خط چاہتے تھے، اس کا دوسرا متبادل یہ ہے کہ ہم کچھ کریں، کیونکہ ایک اور جوہری ہتھیار نہیں بننے دے سکتے۔امریکی نیوز چینل فوکس بزنس نیٹ ورک سے انٹرویو کے موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا امید ہے ایرانی قیادت بات چیت چاہتی ہے کیونکہ یہ ایران کیلیے بہتر ہے۔خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ خط بظاہر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو لکھا گیا ہے۔ تاہم وائٹ ہاوس نے فوری طور پر اس حوالے سے کی گئی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ادھر دوسری جانب روسی وزارت خاجہ نے جمعہ کو کہا کہ روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے ایرانی سفیر کاظم جلالی سے ان کے ملک کے نیوکلیر پروگرام کے معاملے کے حل کی عالمی کوششوں کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔