ورون دھون نے سپر اسٹار سلمان خان کی حالیہ سوشل میڈیا سرگرمیوں کے تناظر میں شہرت، تنہائی اور ذہنی دباؤ سے متعلق اہم خیالات کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ورون دھون نے کہا کہ غیر معمولی شہرت اکثر انسان کو تنہائی اور جذباتی کمزوری کی طرف لے جا سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ذاتی زندگی میں مشکلات کا سامنا ہو۔ ان کے مطابق ہر وقت خود کو “پرفیکٹ” ظاہر کرنا ذہنی دباؤ کو بڑھا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز سے ہی مصنوعی شخصیت اپنانے سے گریز کیا اور کوشش کی ہے کہ وہ ہر جگہ اپنی اصل شخصیت کے ساتھ موجود رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل دکھاوا کرنا ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے اور ایک وقت ایسا آتا ہے جب یہ دباؤ برداشت سے باہر ہو جاتا ہے۔
ورون دھون اور سلمان خان کے درمیان دیرینہ خاندانی اور پیشہ ورانہ تعلقات بھی موجود ہیں، کیونکہ سلمان خان نے ورون کے والد اور معروف فلم ساز ڈیوڈ دھون کے ساتھ کئی کامیاب فلموں میں کام کیا ہے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر سلمان خان کی حالیہ رات گئے کی پوسٹس اور پراسرار کیپشنز زیرِ بحث ہیں، جنہیں مداح ان کی ذاتی اور جذباتی کیفیت سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔
مزید یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ حالیہ دنوں میں دیگر بالی ووڈ شخصیات کی سرگرمیوں نے بھی اس موضوع کو مزید توجہ دی ہے، تاہم دونوں اداکاروں کی جانب سے براہِ راست کسی ذاتی مسئلے کی تصدیق نہیں کی گئی۔