پاکستان مخالف بیان دینے پر بالی ووڈ اداکار ورون دھون کو شدید تنقید کا سامنا

پاکستان مخالف بیان دینے پر بالی ووڈ اداکار ورون دھون کو شدید تنقید کا سامنا

بالی ووڈ کے  اداکار ورون دھون ایک متنازع بیان کے بعد ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔

 یہ بیان انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’بارڈر 2‘ کے ایک گانے کی لانچ تقریب میں دیا، جس نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔’بارڈر 2‘ ایک جنگی پس منظر پر مبنی فلم ہے، جس میں ورون دھون کے ساتھ سنی دیول اور وکی کوشل بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم 1997 کی مشہور فلم ’بارڈر‘ کا سیکوئل ہے اور اسے بھارت میں حب الوطنی کے جذبے سے جوڑا جا رہا ہے۔تقریب کے دوران ورون دھون نے کہا کہ ایسی فلمیں نوجوان نسل کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ بھارت اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق بھارت امن اور محبت کا داعی ہے، لیکن اپنے ملک کے تحفظ کے لیے جواب دینا بھی جانتا ہے۔ انہوں نے 1971 کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ایسا جملہ کہا جسے کئی حلقوں نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز قرار دیا۔

ورون دھون کے بیان کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔ صارفین نے ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک پر اداکار کے بیان کا مذاق اڑایا اور اسے ‘فلمی ڈائیلاگ’ قرار دیا۔ کچھ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بھارت صرف فلموں میں ہی بدلہ لیتا ہے، جبکہ بعض نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ورون دھون کے جملے پر سخت تنقید کی۔

مثال کے طور پر ایک صارف نے لکھا:
”ہمیشہ پاکستان کے پیچھے پڑے رہتے ہو، کبھی اپنے بارے میں بھی سوچ لیا کرو۔“
ایک اور نے کہا:
”بھارت ہر موقع پر پاکستان کو نشانہ بناتا ہے، چاہے وہ فلم ہی کیوں نہ ہو۔“