تہران، تبریز اور اصفہان میں زور دار دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جب اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملے کیے گئے۔ ان حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور صورتحال انتہائی حساس قرار دی جا رہی ہے۔
غیر ملکی اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں میں ایک کے بعد ایک دھماکے سنے گئے، جس کے بعد شہری علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے لگے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران نے گزشتہ روز شمالی اسرائیل کی جانب بیلسٹک میزائل داغے تھے۔ تہران نے ان حملوں کو لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں اور مبینہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ردعمل قرار دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے امریکہ کی جانب سے تحمل کی اپیلوں کے باوجود کیے گئے۔ اس دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ طور پر اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے رابطہ کر کے صورتحال کو قابو میں رکھنے پر زور دیا تھا، تاہم تازہ پیش رفت کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔