بھارت میں شادی کے بعد عاشق اور معشوقہ کی ٹرین میں خودکشی کی کوشش کے مختلف واقعات

بھارت میں شادی کے بعد عاشق اور معشوقہ کی ٹرین میں خودکشی کی کوشش کے مختلف واقعات

بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایک شادی شدہ مرد اور ایک شادی شدہ خاتون نے مبینہ طور پر زہریلی چیز کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔

 یہ واقعہ گزشتہ روز شابری ایکسپریس ٹرین میں ایک ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔بھارتی ریلوے پولیس کے مطابق دونوں افراد کی حالت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس کے مطابق مرد کی شناخت سریش کے نام سے ہوئی ہے، جو سلوچنا نامی خاتون کا شوہر ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ سریش کا مبینہ طور پر اپنے ہی گاؤں کی ایک شادی شدہ خاتون نیلاوینی کے ساتھ تعلق تھا، اور دونوں کچھ عرصے سے اہل خانہ سے چھپ کر دوسرے شہر میں رہ رہے تھے۔اطلاع ملنے پر سریش کی اہلیہ سلوچنا کوئمبتور پہنچی اور دونوں کو واپس گاؤں چلنے پر آمادہ کیا۔ بعد ازاں تینوں شابری ایکسپریس کے ذریعے سری کاکولم واپس روانہ ہوئے۔پولیس کے مطابق سکندر آباد پہنچنے سے قبل سریش اور نیلاوینی نے مبینہ طور پر زہریلا مادہ کھا لیا۔

دونوں کی طبیعت بگڑنے اور کوچ میں گرنے پر مسافروں نے فوری طور پر ریلوے حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سکندر آباد ریلوے پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہی ہے اور نیلاوینی کے سسرال والوں سے بھی رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ معاملے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی حالت اور تحقیقات کی پیش رفت کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔