فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے سے قبل امریکا اور پرتگال کی ٹورنامنٹ سے رخصتی کے بعد ٹکٹوں کی ثانوی مارکیٹ میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں کئی بڑے میچوں کے ٹکٹوں کی قیمتیں نصف سے بھی کم ہو گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس میں جمعہ کو ہونے والے کوارٹر فائنل کے سب سے سستے ٹکٹ کی قیمت تقریباً 2,950 ڈالر سے کم ہو کر 1,200 ڈالر رہ گئی ہے۔ماہرین کے مطابق قیمتوں میں یہ نمایاں کمی اس وقت سامنے آئی جب امریکا بیلجیئم کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گیا، جبکہ اسپین نے پرتگال کو شکست دے کر کرسٹیانو رونالڈو کے ورلڈ کپ کیریئر کا اختتام کر دیا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور پرتگال کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے تو شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث ٹکٹوں کی طلب اور قیمتیں کہیں زیادہ ہوتیں۔دوسری جانب فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل کو اس مرحلے کا نسبتاً کم قیمت والا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ابتدائی ٹکٹ تقریباً 989 ڈالر میں دستیاب ہیں۔
ادھر 19 جولائی کو نیو جرسی میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ فائنل کے ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت 9,346 ڈالر تک پہنچ چکی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کے تعین کے بعد ٹکٹوں کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران کوارٹر فائنل میچز کے ٹکٹوں کی اوسط قیمت میں واضح کمی جبکہ فروخت کے لیے دستیاب ٹکٹوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بڑے مداحوں کی ٹیموں کے ایونٹ سے باہر ہونے کا براہِ راست اثر ٹکٹوں کی مارکیٹ پر پڑا ہے۔