زندگی میں جائیداد بچوں کے نام نہ کریں، اداکارہ نشو کا بزرگوں کو اہم مشورہ

زندگی میں جائیداد بچوں کے نام نہ کریں، اداکارہ نشو کا بزرگوں کو اہم مشورہ

ماضی کی  پاکستانی فلم اسٹار نشو نے بزرگ افراد کو جائیداد اور مالی معاملات کے حوالے سے اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھاپے میں اپنی صحت اور دولت کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور مالی خودمختاری برقرار رکھنی چاہیے۔

نشو، جو اپنے دور کی مقبول اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، نے "رنگیلا"، "بازی"، "انسان اور گدھا" اور "سوسائٹی گرل" سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ آج کل سوشل میڈیا، یوٹیوب اور ٹک ٹاک کے ذریعے بھی مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں۔ نشو معروف اداکارہ صاحبہ افضل کی والدہ بھی ہیں۔حال ہی میں انہوں نے میزبان یازی کے پوڈکاسٹ "دی یازیسٹک شو" میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے تجربات کی روشنی میں بزرگ والدین کو مفید مشورے دیے۔نشو کا کہنا تھا کہ بڑھاپے میں انسان کو اپنی صحت اور مالی معاملات پر مکمل اختیار رکھنا چاہیے، کیونکہ بعض اوقات قریبی رشتہ داروں کا رویہ بھی وقت کے ساتھ تبدیل ہو جاتا ہے۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ زندگی میں اپنی جائیداد بچوں کے نام نہیں کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق انسان کے انتقال کے بعد اس کی جائیداد قانونی طور پر وارثوں تک پہنچ ہی جاتی ہے، لیکن اگر زندگی میں ہی تمام اثاثے منتقل کر دیے جائیں تو بعض اوقات بزرگ افراد کی اہمیت اور خودمختاری متاثر ہو سکتی ہے۔نشو نے مزید کہا کہ مالی خودمختاری نہ صرف عزتِ نفس بلکہ بہتر دیکھ بھال کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنے فیصلے سوچ سمجھ کر کرنے چاہییں اور ہمیشہ یہ یاد رکھنا چاہیے کہ آخری جوابدہی اللہ تعالیٰ کے سامنے ہوگی۔