5 منشیات ڈیلر گرفتار، کروڑوں کی چرس ،ہیروئن بر آمد

قصور(خصوصی رپورٹ)ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان کی ہدایت پر منشیات فروشوں کیخلاف ضلع بھر میں کریک ڈا ئون، 5 ڈیلر گرفتار، کروڑوں کی چرس اور ہیروئن بر آمد کرلی گئی۔ پولیس تھانہ بی ڈویڑن پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 3 بدنام زمانہ منشیات فروشوں،کوٹ پیراں کے نادر خاں، بستی صابری کے غلام مصطفیٰ عرف مانگا اور بستی ونیکاں کے بنیامین کو گرفتار کر کے 3 کلو سے زائد ہیروئن بر آمد کرلی۔ تھانہ سٹی پتوکی پولیس نے چونیاں روڈ پر ناکہ بندی کے دوران منشیات کی بڑی سپلائی ناکام بناکر پرانی منڈی کے رہائشی بڑے ڈیلر جنید اقبال عرف سنی کو گرفتار کر لیا، جس سے 11 کلو چرس بر آمد کر کے سمگلنگ میں استعمال ہونیوالی گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔ منڈی عثمانوالا پولیس نے جلوکے رہائشی منشیات فروش غلام مصطفیٰ کو دھر لیا، جس سے ایک کلو سے زائد ہیروئن بر آمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عرصہ دراز سے نوجوان نسل میں منشیات فروخت کرنے کے مکروہ دھندے میں ملوث تھے، جن کیخلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔