بار بار ٹیک دینے پر ہدایت کار غصے میں آ گئے اور کہا کہ ان کا سامان پیک کرو اور انہیں گھر بھیج دو
کراچی (آن لائن) پاکستانی اداکار حارث وحید نے اپنے اداکاری کے ابتدائی دنوں کا دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ٹی وی کیمرے کے سامنے پہلی بار اداکاری کرتے ہوئے مجھے 47 سے بھی زیادہ ٹیک دینے پڑے تھے۔ایک شو مین میزبان کے سوال کے جواب پر حارث وحید نے ہنستے ہوئے بتایا کہ تھیٹر سے ٹیلی ویژن پر منتقل ہونا میرے لیے آسان نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ میرا پہلا سین تھا اور مرکزی اداکارہ کا بھی ٹی وی پر پہلا دن تھا۔ بار بار ٹیک دینے پر ہدایت کار غصے میں آ گئے اور کہا کہ ان کا سامان پیک کرو اور انہیں گھر بھیج دو، یہ سن کر میں بہت خوفزدہ ہو گیا تھا۔ حارث وحید نے کہا کہ شدید گرمی اور گھبراہٹ نے صورتِ حال مزید مشکل بنا دی تھی، میں اتنا پریشان تھا کہ پسینہ پونچھنے کے لیے ٹشو پیپر کے کئی ڈبے استعمال ہو گئے۔حارث وحید نے کہا کہ اگلی شوٹنگ تک میں نے خود کو سنبھال لیا اور پھر آہستہ آہستہ ٹی وی اداکاری کی رفتار اور انداز سے ہم آہنگ ہو گیا۔