صوبہ بھر میں زیر تعمیر تمام سڑکوں کی تکمیل کے لئے حتمی ٹائم لائن پیش کیاجائے، شاہراہوں پر لین مارکنگ کو یقینی بنایا جائے:وزیراعلی
دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن سے علاج معالجہ کی سہولتیں دہلیز پر مل رہی ہیں :ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر ) پنجاب میں ریکارڈ رفتار، اعلی معیار اور تاریخی بچت کے ساتھ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت صرف 75 دن میں 1129 سڑکیں مکمل کرکے قومی سطح پر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں روڈ سیکٹر پورٹ فولیو، فنڈز کے استعمال اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سوہنے پنڈ، سوہنیاں راہواں پروگرام کے تحت صرف 75 روز میں 30 ارب روپے کی لاگت سے1129 سڑکیں اور 1795 کلو میٹر طویل روڈ نیٹ ورک مکمل کیا گیا، جبکہ وزیراعلی کے دور میں مجموعی طور پر 32 ہزار سڑکیں مکمل کی جا چکی ہیں۔وزیراعلی نے پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے تحت 6 جدید سروس ایریاز قائم کرنے کی منظوری بھی دی، جن سے سالانہ 50 کروڑ روپے آمدن متوقع ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سروس ایریاز رواں سال دسمبر تک فعال کیے جائیں اور رنگ روڈ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دی جائے۔وزیراعلی نے ہدایت کی پنجاب بھر میں زیر تعمیر تمام سڑکوں کی تکمیل کے لیے حتمی ٹائم لائن پیش کی جائے، شاہراہوں پر لین مارکنگ کو یقینی بنایا جائے اور تمام انٹری و ایگزٹ پوائنٹس کی خوبصورتی کے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے۔دریں اثناء رکان صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین خان اور محمد عون جہانگیر سے ملاقات میں مریم نواز نے کہا عوام کی خدمت کا سبق ہمیشہ قائد نواز شریف سے ہی سیکھا ہے ،انہوں نے ارکان صوبائی اسمبلی کو اپنے اضلاع میں عید میلاد النبی کیلئے بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور ارکان صوبائی اسمبلی کی جانب سے بھرپور اعتماد پر اظہار تشکر کیا۔