وعدے پورے نہ ہونے پر بلاول ناراض ، اختلافات بڑھ گئے،ن لیگ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا :سلیم حیدر

بلاول گل ودھ گئی شہباز شریف گورنر کی تصدیق
 ن لیگ کیساتھ اتحاد سے پیپلزپارٹی کا نقصان ہوا ، ،معاملات پر فیصلہ سی ای سی میں ہوگا ،جمہوریت میں پرامن احتجاج سب کا حق ہے، پی ٹی آئی کا ریکارڈ اچھا نہیں،نوجوان بلاول کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں : گورنر پنجاب کی گفتگو 
 لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن اور اتحادی پیپلز پارٹی میں ’’گل ودھ گئی‘‘ اس بات کی تصدیق گورنر پنجاب نے کردی ،گورنر پنجاب سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ جب بھی ن لیگ سے اتحاد کیا پیپلز پارٹی کا اپنا ہی نقصان ہوا ہم نے تو سمجھا تھا ن لیگ نے کچھ سبق سیکھ لیا مگر ایسا نہیں ہوا ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو حکومت کی جانب سے وعدے وفا نہ کرنے پر ناراض ہیں ،معاملات پر فیصلہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی میں ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آغا شاہ حسین قزلباش سے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ گورنر نے کہا مسلم لیگ ن سے اختلافات بڑھ گئے ہیں ، اس سے اتحاد کر کے ہم نے ووٹوں کی قربانی دی، اتحادیوں نے سبق نہیں سیکھا۔ ن لیگ کے ساتھ پارٹی مجبوری میں بیٹھی ہے،اپنا نقصان کرلیا ملک کا نقصان نہیں ہونے دیا۔گورنر نے کہا جمہوریت میں پرامن احتجاج سب کا حق ہے، پی ٹی آئی کا احتجاج پرریکارڈ اچھا نہیں ،فورسز اور حکومت کو پریشانی ہے کہ اسے جب بھی احتجاج کی اجازت دی تو اچھا نتیجہ نہیں نکلا،سیاسی جماعتوں کو پر امن احتجاج کر نا چاہیے۔ گورنر سے پنجاب یونیورسٹی کی طلبہ سوسائٹیوں کے وفدنے ملاقات کی۔ رہنماپی پی فیصل میر، انفارمیشن سیکرٹری پی ایس ایف پنجاب سبط حسن، ایگزیکٹو ممبر احسن رضوی اور سابق صدر پی ایس ایف لاہور منصور کٹاریہ موجود تھے۔ گورنر نے کہا جامعات میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیجارہے ہیں،طلبہ یونینز بحال ہونی چاہئیں جوطلبہ میں قائدانہ صلاحیتیں اور سیاسی شعور پیدا کرتی ہیں،ماضی میں طلبہ یونینز نے ملک کو بہترین سیاستدان دئیے۔بلاول نوجوانوں کی امید ہیں ،جو ملک کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔ نوجوان بلاول کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔گورنر نے طلبہ کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔